زکی کی زکی سے بات!
زکی کی زکی سے بات!
تحریر: محمد زکی حیدری
کسے مارا؟ وکیل تھا؟ ہیں!!! میں نے تو سنا ہے امام بارگاہ کا متولی تھا، اور وہ جس کی لاش سڑک پہ پڑی تھی سنا ہے پروفیسر تھاــــ خیر چھوڑو جو بھی تھا یہ بتاؤ یہ متحدہ کے جو بھائی لوگ جدا ہوئے ان کا کیا بنے گا، ہاں اور یار یہ سنی کیا چاہتے ہیں؟ مُلا اسلام باد میں، ان کی دھلائی تو لگتا ہے ہوگی، کل بیان تھا چودھری نثار کا کہ میں ڈی چوک خالی کروا دوں گا، اور ہاں روحانی صاحب آئے ہوئے ہیں نواز شریف سے ملنے یار فیری سروس چل جائے دعا کرنا زیارت پہ جانا بڑا مشکل ہو گیا ہے، ابا بیچارے ھر سال جاتے تھے بائے روڈ پھر پیسے چھیننے لگے ایف سی والے، لیکن ہم پیسے دے کر بھی چلے جایا کرتے، اچھا خیر اپ ڈیٹ کرتے رہنا کہ متحدہ و رابطہ کمیٹی، چودھری نثار، روحانی صاحب اور نواز شریف و فیری اور گیس پائپ لائین و ....
زکی یہ تمہاری گفتگو ہے؟ تم جانتے بھی ہو کہ کل ہی دن دہاڑے ایک نہتے شیعہ وکیل کو چلتی موٹرسائیکل پر سب کے سامنے شہید کردیا گیا. تم نے سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھا تھا نا کس مظلومیت سے وہ گرا تھا پھر بھی!!! اور زکی وہ تمہارے امام (ع) کے پیروکار شیعہ پروفیسر کی خون میں لت پت لاش نے بھی تم پہ اثر نہ کیا؟ یکے بعد دیگرے دو دانشور چھن گئے ...
زکی تم کیا ہو مجھے سمجھ نہیں آتا... اتنی سیاست میں دلچسپی لیکن حقیقت سے اتنا دور... دیکھو تمہارے گھر جو دودہ والا دودہ دینے آتا ہے دو اخباریں ساتھ لاتا ہے...
جس ملک کے اندر دودہ والا! زکی سن رہے ہونا؟ ایک دودہ والا! ایک دودہ بیچنے والا گاؤں کا بندہ بھی سیاست سے اتنی دلچسپی رکھتا ہو کہ ہر روز اخبار خریدتا ہو، ایک عام آدمی اتنی فکر رکھتا ہو، تو یار اس دودہ والے کی سیاسی بصیرت اور اس ملک کی سیاست تو آج کہاں سے کہاں ہوتی لیکن سچ یہ ہے کہ اس ملک میں پست ترین سیاستِ دنیا...! کیوں زکی؟
اچھا تم ہی بتاؤ اتنا سیاست کو پڑھتے ہو، اخبار صبح کی الگ شام کی الگ، میڈیا، تو تمہیں کتنی سیاسی بصیرت ملی میڈیا سے، جو جو اخبار بتاتے ہیں تمہارے کراچی والے سیاسی استاد اس کا وہ زاویہ تمہارے سامنے پیش کرتے ہیں جو کہ میڈیا نہیں بتاتا، تب تمہیں بات سمجھ آتی ہے کہ ہاں استاد کی بات میں منطق ہے! وہ اکثر کہتے ہیں زکی جو تم سمجھ رہے ہو ایسا ہے نہیں یہ دکھاوا ہے! تو پھر کیوں تم اس میڈیا اور اس سیاست سے تنگ نہیں آجاتے، مانتے بھی ہو کہ گند ہے، طاغوتی کیچڑ سے بھرے لوگوں کی پنچائت ہے اور کچھ نہیں! پھر بھی؟
ہاں شاید تمہیں پیاس ہے، جاننے کی پیاس، سیاست کے بارے میں، حالات کے بارے میں جاننے کی پیاس! ہاں یہ پیاس اچھی ہے، لیکن پیاس بجھانے کیلئے جس چشمے کا تم نے انتخاب کر رکھا ہے وہ غلط ہے! وہ نجس ہے! اس کا پانی پانی نہیں شراب ہے زکی، جس کے اندر نشہ ہے. جو پی پی کر تمہیں اس شراب کا نشہ ہوگیا ہے... ہاں یہ نشہ ہے میڈیا کا، میڈیا اسے فضول اسٹوریاں بناکر پیش کرتا ہے حقیقت کو جان بوجھ کر چھپاتا ہے، تمہیں اس میں مزہ آتا ہے، اور اب تمہیں اس کی لت لگ گئی ہے، تمہاری صبح تب تک نہیں ہوتی جب تک یہ مصنوعی سیاسی اکھاڑے کے منحوس پاکستانی سیاستدانوں کی منحوس کشتی بازی نہ دیکھ لو! کیا ملتا ہے تمہیں یہ سوچ کر کہ کراچی کے بھائی کا کیا بنے گا، جو جدا ہوئے وہ کیا کریں گے، کراچی کے تخت پر کون بیٹھے گا، اسلام آباد سے ایک جھوٹے نے کون سا نیا جھوٹ بولا، سارا دن تم یہی سوچتے ہو.. کیوں؟ تمہیں کیا فائدہ ملتا ہے اس سے؟ سوچو نا، کیوں نہیں سوچتے؟ اس لئے نہیں سوچتے کیونکہ تم میڈیا کا نشہ کرتے ہو، نشے میں مبتلا ہو. جیسے چرسی ایک بار چرس پی لیتا ہے تو اسے لت لگ جاتی ہے تمہیں بھی لت لگ گئی ہے!
ہاں تو پھر اتنا جان لو زکی کہ جتنا فائدہ چرس ایک نشئی کو دیتی ہے، اتنا ہی سیاسی و بصیرتی فائدہ پاکستانی میڈیا تمہیں دیتا ہے. زکی سمجھو، ذرا دنیا پر نظر دوڑاؤ، کیوں کنویں کے مینڈک بن بیٹھے ہو اس میڈیا کے ہاتھوں، اس جھوٹے میڈیا کو کم سچ کو زیادہ ٹائم دو، سچ سنو سچ دیکھوـ
دیکھو تم اس نشے میں اتنے دھت ہو کہ اپنے ایک مومن بھائی کی لاش گرتے دیکھتے ہو مگر تمہیں اس کی فکر نہیں، تمہیں سیاسی منظرنامے پر آنے والی تبدیلی کی فکر ہے. جناب زکی یہ کس نے تمہیں اتنا بے حس کردیا تمہارے جذباتی و احساسی اقدار اتنے پست کیوں ہوگئے، یار تم سے تو ایسی امید نہ تھی، تم تو اتنے حساس ہو حسین (ع) کا نام سن کر رو پڑتے ہو، کہاں گئی وہ حساسیت! تم روز جنازے اٹھا رہے ہو لیکن ایک آنسو بھی نہیں بہتا اس طرح نظر انداز کرتے ہو کہ جائے ہوتا رہے شہید میری بلا سے!
دیکھو زکی! اپنے مسائل پر دھیان دو تم حسینی ہو، تمہارے مومن بھائی مسلسل ظلم کا نشانہ بن رہے ہیں، شیعہ ایک جسم میں اعضا کی مانند ہیں ایک عضو کی تکلیف دوسرے کی تکلیف ہے...
اب بولو گے کیا کروں میں!!!
ہاں تم یہ کرو کہ قوم کی طرف دھیان دو پہلے شیعہ کے مسائل، پھر مسلمان کے، پھر عام انسان پھر... دھیان دو جس طرح منحوس سیاست پہ دھیان دیتے ہو اور اس کا تو کوئی نتیجہ نہیں ملتا کیونکہ منبع علم جھوٹ ہے، سو تم شیعوں کے نیوز سائٹس زیادہ دیکھو، سچ پتہ چلے گا تمہیں، تمہیں تو انگلش بھی آتی ہے پریس ٹی وی دیکھو! دنیا کے شیعہ کیسے جی رہے ہیں تمہیں معلوم ہو!
پھر سوچو ہم کیوں ان کی طرح نہیں، کیوں ہماری نہ چاردیواری، نہ عبادتگاہ، نہ جلوس، نہ دانشور، نہ عالم، نہ جوان نہ... کوئی بھی محفوظ نہیں؟ سوچو کہ دنیا کے شیعہ کی شہادت اور ہمارے شیعوں کی شہادت میں فرق کیا ہے، وہ اپنے حقوق کیلئے کچھ کرتے ہیں اس لیئے شہید ہوتے ہیں یا پھر شہادتوں کے بعد تحرک دکھاتے ہیں اور ہم صرف مرتے ہیں، تحرک دور دور تک نہیں نظر آتا، کیوں زکی؟ اور ہماری کشتی کے ناخدا اس قتل و غارت پر چپ کیوں ہیں؟ ان سے پوچھو کہ ان کے پاس پلان و لائحہ عمل کیا ہے اس قتل و غارت کو روکنے کیلئے، اگر ہے تو ان کا ساتھ دو اگر ان کے پاس لائحہ عمل نہیں تو سوچو یہ قائدین کس کام کے ہیں؟؟؟ تم بس یہ کام کرو دنیا کے شیعوں اور پاکستانی شیعوں میں فرق دیکھو، عوام کا فرق ہے یا قائدین کا، اتحاد عوام میں نہیں یا قائدین میں، اتحاد اس مشکل وقت میں بھی نہ وجود میں آیا تو کب... سوچو زکی!
زکی! میرے بھائی تم کیوں اپنوں کے قتل پر دھیان نہیں دیتے؟ کہیں ایسا تو نہیں تمہیں لاشے اٹھانے کی بھی لت لگ گئی ہے. سیاست کی لت، رسموں کی لت، اخبار کی لت، میڈیا کی لت، چپ رہنے کی لت اب یہ لاشے اٹھانے کی لت....!!! زکی اگر ایسی کوئی لت خدانخواستہ تمہیں لگی ہے تو میرے عزیز یہ لت ختم کرو، اس نشے سے باہر آؤ ورنہ کہیں ایسا نہ ہو کل تمہارے گھر کا کوئی پروفیسر عابد رضا، ایڈوکیٹ نجم الحسن، کوئی تمہارے گھر کا سبط جعفر، کوئی تمہارے گھر کا حسن عسکری و... خون میں لت پت تمہارے سامنے لایا جائے، اپنے نشے توڑو ہوش میں آؤ، میرے عزیز محمد زکی حیدری تم شیعہ ہو اس لئے دشمن کا ٹارگٹ ہو لہذا تم بھی انہیں ٹارگٹ رکھو! اپنے سارے نشے توڑ دو اس سے قبل کہ تمہارے گھر کے کسی فرد پر چلنے والی گولی کی آواز سے تمہارے نشے ٹوٹیں...
www.fb.com/arezuyeaab
.
arezuyeaab.blogfa.com
یہ ایک اردو اسلامی ویب بلاگ ہے، جس کا مقصد نشر معارف اسلامی و معارف اہل بیت علیہم السلام ہے.