زہراء (س) عاشقۂ علی (ع)

تحریر: محمد زکی حیدری

 

بدر کی جنگ کا خاتمہ بخیر ہوا ۳۱۳ نے ۹۵۰ کو دھول چٹا دی، کچھ مشرک واصل جہنم ہوئے، کچھ کو اسیر بنا لیا گیا. اسیروں کو لے کر مدینہ آئے. رسول اللہ (ص) کی مشاورت سے طے پایا کہ جو مشرک فدیہ دیگا اسے آزاد کردیا جائے گا. مشرکین اپنے "پاپاز" اور "ڈیڈیز" کو آزاد کروانے کیلئے مدینہ آ رہے ہیں. ایک مرتبہ پیغمبر اکرم (ص) کی خدمت میں ایک اسیر کے فدیے کے طور پر ایک گردن بند پیش کیا جاتا ہے، گردن بند کو دیکھتے ہی آپ (ص) مغموم ہوجاتے اور آنسو بہانے لگتے ہیں. یہ گردن بند آپ (ص) کے گھر میں پلنے والی بیٹی زینب کا تھا جسے زینب نے اپنے مشرک شوہر کو آزاد کروانے کیلئے بھیجا تھا. رسول (ص) کو یاد تھا کہ یہ گردن بند بیبی خدیجہ نے اپنی بیٹی کو شادی میں تحفے کے طور پیش کیا تھا. بھرحال مسلمانوں کی مشاورت سے زینب کے شوہر کو فدیہ اس شرط پہ معاف کردیا گیا کہ وہ زینب کو مدینہ بھیج دے گا...

اب یہاں ابن ابی الحدید معتزلی عجیب جملے لکھتے ہیں جن کا مفہوم ہے کہ کیا رسول (ص) کے زینب کے غم میں بہنے والے یہ آنسو خلیفہ اول و دوم نہیں دیکھ رہے تھے؟ کیا رسول (ص) کا زینب کی غربت پر یہ حال ہونا وہ نہیں دیکھ رہے تھے؟ یہ تو صرف زینب بنت خدیجہ (س) ہے! گردنبند بھی خود پیش کر رہی ہے راضی ہے! وہ فاطمہ زہرا (س) تو ام ابیہا تھی! فدک تو تھا بھی اس کا اپنا، دینے پہ راضی بھی نہیں تھی! گواہ بھی پیش کر رہی تھی... پھر بھی اتنی سختی سے پیش آئے...!!!

کیا قصور تھا زہرا (س) کا؟ صرف عشق علی!
زہراء (س) عاشقۂ علی ہیں!
کیا عشق کرنا برا ہے؟ یونیورسٹی کے اکثر میرے جوان دوست اور میری جوان بہنیں کہیں گی ہر گزنہیں! مدرسے کے بزرگ کہیں گے بلکل برا ہے، لاریب فیہ! دونوں کے اذہان میں عشقِ محمد (ص) و خدیجہ (س) اور عشقِ علی (ع) و زہراء (س) کا عکس موجود نہیں ہوتا. ہر چیز اہل بیت (ع) سے لی ہے تو عـشق کرنا بھی ان سے لیں گے.

کتنا عشق ہے زہراء (س) کو علی (س) سے! گھر گھر جا کر لوگوں کو بتاتی ہیں کہ ولایت صرف علی (ع) کا حق ہے. آپ نے جملہ پڑھ لیا اور گذر گئے دقت کیجئے، سوچیئے جب ہمارے یہاں الیکشن ہوتے ہیں، الیکشن کیمپین صرف مرد چلاتے ہیں، کسی مہذب امیدوار کی بیوی گھر گھر جا کر کیمپین نہیں چلاتی کہ اٹھو ووٹ میرے شوہر کو دو! عرب کی سی جہالت کی نگری میں جہاں عورت کو پاؤں کی جتی سمجھا جاتا وہاں سیاست کے میدان میں ولایت علی (ع) کا پرچم لے کر قدم رکھنے والی یہ زہراء (س) ہے، عاشقۂ علی (ع)؛ عاشقۂ اسلام، عاشقۂ ولایت، کہ گھر گھر جا کر کہتی ہے علی (ع) جیسا کوئی نہیں! علی (ع) ولی ہے! کیا یہ عشق نہیں ہے؟

خانہ داری دیکھیں! جب معلوم ہوا کہ موت قریب ہے تو بچوں کو نہلانے لگتی ہیں! کتنی عجیب بات ہے ملک الموت کی آمد آمد ہے اور یہ ہیں کہ خانہ داری کی ذمہ داریاں نبھانے میں مگن ہیں! پورا گھر منظم انداز میں ترتیب دے کر جا رہی ہیں، جانتی ہیں علی (ع) کا زہرا (س) کے سوا بھلا ہے ہی کون!

رحلت پیغمبر (ص) کے بعد زہراء (س) کی زندگی میں علی (ع) کے سوا کچھ نظر نہیں آتا، اگر میں کہوں علی (ع) کی زندگی میں بھی زہراء (س) کے سوا کچھ نظر نہیں آتا تو غلط نہ ہوگا. اگر سوچئے تو بیشک زہرا (س) کو غسل دینا علی (ع) کے لیئے مشکل تھا، ہم مصائب میں اس کا ذکر سنتے ہیں، روتے ہیں، لیکن ذرا سوچیں تو زہرا (س) کے جنازے میں کتنے مرد زہراء (س) کے محرم تھے، جو علی (ع) کی مدد کرتے کہ وہ زہراء (س) کو قبر میں اتارسکیں! سب نامحرم، سلمان و ابوذر و ابن عباس و... پھر علی (ع) نے کیسے اتارا زہراء (س) کو قبر میں!!! کبھی ہم نے سوچا ہے؟ یہ آسان ہے؟ سب علی (ع) اکیلے نے کیا، ابن عباس فرماتے ہیں جب علی (ع) زہرا (س) کو دفن کر رہے تھے تو بڑے مغموم تھے....! علی (ع) کی کیفیت دیکھیں، یہ مرحب و حارث و عبدود کو چت کرنے والا علی (ع) ہے لیکن آج بے حال و ناتوان محسوس کر رہا ہے... کیوں؟ کیونکہ زہرا (س) ان سے دور جا رہی ہیں، چکیاں پیس کر حسن و حسین (ع) کو پالنے والی زہرا (س) جا رہی ہیں اور اس حال میں کہ.... کیا لکھوں الفاظ نہیں ہیں اس حقیر کے پاس...!

علی (ع) کے دل میں عشق زہراء (س) کتنا ہے، آپ اس جملے سے اندازہ لگائیں، آخری ثبوت علی (ع) کے عشقِ زہراء (ع) کا، یہ ایک جملہ علی (ع) کی کیفیت بیان کر سکتا ہے کہ زہراء (س) کے فراق میں ان کیا حال ہوا، ابن عباس فرماتے ہیں کہ جب علی (ع) زہراء (ع) کو دفن کر چکے تو "فوضع خدہ علی تراب القبر..."
علی (ع) نے قبرِ زہرا (س) کی خاک پر اپنا سر رکھ دیا!!!
یا زہرا (س)!!!

 

www.fb.com/arezuyeaab