یہ منہ مسور کی دال
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
😏 یہ منہ اور مسور کی دال 😏
ازقلم: محمد زکی حیدری
اسی نا روندیں گَل مُک ویندی!!!
(ہم نہ روتے تو بات یعنی حسین ع ختم ہو جاتے)
یہ بات ایک ذاکر و نوحہ خوان جو بیچارہ ان پڑھ ہے، نے کہہ دی تو کہہ دی لیکن یقین مانیئے درحقیقت ہم سب کا یہ ہی عقیدہ ہے کہ اگر ہم عزاداری نہ کرتے تو حسین (ع) کا نام و نشان باقی نہ رہتا. (نعوذباللہ)
عجب!!! 💡
او بھائی ساڑھے تین سو سال قبل مسیح یعنی حضرت عیسیٰ (ع) سے بھی تین، ساڑھے تین سو سال قبل یونان میں تین افراد سقراط، افلاطون و ارسطو منظر عام پر آتے ہیں، یہ لوگ نہ پیغمبر تھے نہ کتاب لائے، نہ گدی نشین تھے نہ مرید رکھتے تھے، یہ تینوں فلسفہ لائے وہ بھی ایسا کہ اس وقت کے مُلا بھی ان کے خلاف ہوگئے، حکومت بھی خلاف، عوام بھی خلاف، شرفاء بھی ان کے خلاف، پورا معاشرہ مل کر ان کے نام کو مٹانا چاہتا تھا مگر پھر بھی آج تک ان کا نام و کام و فلسفہ زندہ ہے.
کیا ارسطو کا نام اور اس کا فلسفہ اس لیئے زندہ ہے کہ اس کیلئے ھر سال ماہ محرم کی طرح جلوس نکلتا تھا؟ کیا ارسطو کی قبر اس کے مداحوں کی آماجگاہ تھی؟ کیا ارسطو کیلئے عشرۂ مجالس ہوا کرتا تھا؟
یا پھر یا ارسطو! یا ارسطو! کر کے اس کے چاہنے والے اپنی پیٹھ زنجیر و چھریوں سے لال کر دیتے تھے اس وجہ سے ارسطو کا نام و فلسفہ زندہ رہا... ؟؟؟
*اگر ارسطو کے نام و فلسفہ کو زندہ و جاوید رہنے کیلئے عزاداروں و پرسہ دینے و رونے والوں و جلوس و عماری و پیدل اس کی قبر پہ جانے کی ضرورت نہیں تو کیا حسین (ع) ارسطو سے بھی گئے گذرے ہیں کہ ہم نہ روتے تو چودہ سو سال کے اندر حسین (ع) جیسا معلمِ و محسن انسانیت لوگوں کے اذھان سے گم ہوجاتا!!!*
حسین (ع) کی شخصیت ہمارے جلوسوں کی محتاج نہیں، آپ بند کر دیں عزاداری پھر بھی حسین (ع) زندہ رہے گا. حسین (ع) دنیا کے کسی بھی زمان، کسی بھی مکان، کسی بھی ازم کے امام ہوتے زندہ و جاویدان رہتے. *ہم حسین (ع) کے محتاج ہیں حسین (ع) ہمارے محتاج نہیں*
عزاداری بیشک کریں اہانت مت کریں، ایک لمحے کیلئے بھی اگر دل میں یہ خیال آیا کہ میری عزاداری سے حسین (ع) کا نام مٹنے سے بچ رہا ہے تو یہ آپ نے شرک کیا. جی! کیونکہ حسین (ع) کو اللہ(ج) نے زندہ رکھا ہوا ہے. "مصباح الھدیٰ" ہیں حسین (ع)، ھدایت کا چراغ جسے اللہ (ج) نے عصمت و تقوا و شجاعت و رضی بقضا و ایثار و مقاومت و... کا تیل ڈال کر اسے ہمیشہ ھدایت انسانیت کیلئے روشن رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ اس چراغ میں تیل ڈالنے والے ہم ہیں، کیا یہ شرک و اہانت نہیں؟
ہماری عزاداری کی وجہ سے حسین(ع) زندہ ہیں!!! ہماری و ہماری عزاداری کی اوقات ہی کیا ہے بھائی، اس سے حسین (ع) کو زندہ رکھنے چلے ہو! جاؤ صاحب یہ منہ اور مسور کی دال😏