یہ قوم تو بس رسمی عزادار ہے
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
یہ قوم تو بس رسمی عزادار ہے!
از قلم: الاحقر محمد زکی حیدری
دوست نے پوچھا تمہارا پسندیدہ شیعہ لیڈر کون ہے؟ میں نے کہا وہ جو عوام کی مشکلات میں اس کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہو، دنیا کے کامیاب و سچے لیڈر وہ ہی کہلائے جو مشکل گھڑی میں عوام کے شانہ بہ شانہ کھڑے رہے. کیا پاکستان میں اس سے زیادہ مشکل گھڑی ہو سکتی ہے کہ قوم کی عورتوں اور بچوں کو دشمن اپنی گولیوں سے چھلنی کر رہا ہو؟
میرا قائد، میرا لیڈر، میرا سردار وہ عالم دین ہے جس نے دوسرے بزرگ علماء کو فون کر کے کہا کہ قبلہ آجائیں ایک جگہ جمع ہوں، لیڈر بیشک آپ ہی بن جائیں، میں نے "اپنی" لیڈری چھوڑی، "اپنا" نظریہ چھوڑا، سب کچھ چھوڑا لیڈر بھی آپ بنیں، نظریہ بھی آپ کا ہو، لیکن خدا را اب آئیں متحد ہو کر دشمن سے مل کر جنگ کریں!
*وہ ہے میرا لیڈر جو تمام شیعہ عمائدین، علماء، خطباء، زاکرین، انجمنوں کے ٹرسٹیز، پروفیسرز، وکلاء، سول سوسائٹی، صحافی، شعراء، نوحہ خوانوں کے پاس چل کر جائے اور انہیں کہے کہ آؤ ایک جگہ جمع ہوں اور کوئی لائحہ عمل تشکیل دیں...*
اس وقت قوم کا قتل علماء کے آپس میں اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے ہو رہا ہے اور یاد رکھیں اس تفرقے میں جو جو ملوث ہیں، جس جس نے اپنی ڈیڑہ انچ کی مسجد الگ بنا رکھی ہے اور *دوسرے کی مسجد میں نہیں جاتا ان میں سے ہر ایک سے اس قتل کا سوال ہوگا.*
مجھے پتہ ہے بعض لوگ جب خود کچھ نہیں کر سکتے تو سارا الزام عوام پر ڈال دیتے ہیں. یہ خواص کی عادت رہی ہے کہ عوام کو مورد الزام ٹھہراتے ہیں، آج بھی ایک گروہ و اس کے خواص کہتے ہیں کہ یہ قوم تو بس رسمی عزادار ہے رزمی نہیں، یہ لوگ عزاداری کرتے ہیں لیکن کسی کام کے نہیں، یہ صرف مجلس میں واہ واہ کرنے والے اور نیاز کھانے والے ہیں، یہ کوفی، یہ بزدل، یہ سیکیولر (بے دین).... لیکن میں ان خواص سے پوچھتا ہوں کیا یہ قوم وہ ہی "رسمی" عزادار و ماتمی قوم نہیں جس نے مفتی جعفر حسین کی آواز پر لبیک کہا اور یک مشت و متحد ہوکر ایسے کارنامے انجام دیئے کہ دنیا نے دیکھا اور مانا کہ حسینی مطلب غیرت سے جینا!
کیا یہ وہ نیاز کھانے والی و مجالس میں واہ واہ کرنے والی قوم نہیں ہے جس نے شہید قائد عارف حسین الحسینی کا ساتھ دیا اور اپنا سب کچھ قائد پہ قربان کردیا اتنی حد تک کہ دشمن اس قوم کو ایک طاقت میں بدلتا دیکھ ڈر گیا کہ اگر یہ قوم اسی طرح ترقی کرتی رہی تو فقہ جعفریہ نافذ کر دیگی پاکستان میں! اور اس ڈر سے اس غیرتمند قوم کے غیرتمند لیڈر کو شہید کر دیا.
کیا یہ وہ ہی رسمی عزادار قوم نہیں جس نے حال ہی میں آپ علماء کو متحد دیکھا تو پاکستان کی ساری سڑکیں بلاک کردیں اور رئیسانی حکومت گرا دی.؟
آپ نے اتحاد کیا قوم نے لبیک کہا، جب جب اس قوم کو اچھے لیڈروں نے بلایا یہ قوم میدان میں آئی تو اب بتائیے رسمی عزادار قوم ہے یا آپ ؟ مسئلہ آپ میں ہے یا قوم میں؟
آج بھی! کیا یہ رسمی عزاداری کرنے والی قوم نہیں جو مساجد و امام بارگاہوں و جلوسوں میں بموں سے اڑائی جاتی ہے لیکن پھر بھی اپنے بچوں سمیت مساجد و امام بارگاہوں و جلوسوں میں جا کر یا حسین یا حسین کرتی ہے؟
*کیا اس رسمی عزادار قوم کے بیٹے بیبی زینب (س) کے حرم کا دفاع کر کے شہید نہیں ہو رہے؟* *آپ نے کتبے رزمی عزادار بھیجے اپنے مدرسے سے؟ چلیں بھیجے نہیں تو خیر آپ نے ان شہداء کی کوئی خیر خبر لی؟ ان کے خاندانوں کی خیر خبر لی کبھی؟* اگر نہیں تو کیا آپ ایک رسمی لیڈر نہیں ہوئے؟ دوسروں کو رسمی عزادار کہنے والے خود کو دیکھیں قوم کی اس حالت میں وہ صرف باتوں کی رسم تو نہیں ادا کر رہے؟ رزم کہاں ہے؟ کیا آپ کے "رزمیانہ فلسفے" میں یہ چیز نہیں کہ اپنے ملک کے شہداء یا شہداء کے خاندانوں کی خیر خبر لی جائے؟. کتنے شہید ہو رہے ہیں کتنے جنازوں میں گئے ہیں آپ؟ کیا خواص کا کام صرف یہ رہ گیا ہے کہ عوام ، جس کی عزتوں پر دشمن ہاتھ ڈال رہا وہ اور وہ اس راہ میں نہتی، تن و تنہا کھڑی ہو، کے سر پہ شفقت کا ہاتھ رکھنے کی بجائے اسے ہی مورد الزام ٹھہرائیں کہ یہ قوم تو کوفی ہے، بزدل ہے، رسمی عزادار ہے، بس مجلس و نیاز کے پیچھے ہے...!!!
خواص سے گذارش ہے کہ اگر قوم کو حل دینے کیلئے آپ اپنی انا کو ایک طرف نہیں رکھ کر آپس میں اتحاد نہیں کر سکتے تو کھوکھلے آپ ہو، رسمی عزادار آپ ہو، میدان سے باہر آپ ہو، عوام پہلے سے مایوس ہے اسے ایسے منفی القابات نہ دیں، ان کا حوصلہ بڑھائیں، رسمی لیڈر وہ ہی ہے جو عوام کی مشکلات میں میدان میں نظر نہ آئے، رزمی لیڈر وہی ہے جو مشکل میں عوام کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہو، کوفی وہ ہی ہے جو میدان میں نظر آنے کے وقت گھر میں نظر آئے.
🙏🏽 *آپ علماء متحد ہو کر، مسائل کا حل لے کر میدان میں آؤ اور پھر قوم میدان چھوڑ کر چلی جائے تب اسے رسمی عزادار، کوفی، سیکیولر کہیں ورنہ حق نہیں رکھتے آپ ایسا کہنے کا. خدارا قوم کی حوصلہ شکنی نہ کریں! اور آپ کو رسمی عزادار و رزمی عزادار کا فرق دیکھنا ہے تو پہلے اپنے گھر میں گن مین و باڈی گارڈز کے سائے میں رہنے والے اپنے بچوں کو دیکھئے، اور پھر پاکستان کی سڑکوں پر حسین (ع) کے عزاداروں کو اپنے اور اپنے بچوں کے خون میں لت پت دیکھیئے اور سوچیئے رزم کون ادا کر رہا ہے رسم کون!*
*_arezuyeaab.blogfa.com_*