اللہ (ج) کا دوست
بسْم اللهِ الْرَّحْمنِ الْرَّحیم
اللہ (ج) کا دوست
مترجم: محمد زکی حیدری
ابراہيم عليه السلام جہاں تقوی، پارسائی اور حق گرائی میں اپنی مثال آپ تھے وہاں محنت و مشقت کرنے والے انسان بھی تھے.
کبھی فارغ بیٹھنا پسند نہیں کرتے تھے. ان کی زندگی کا ایک حصہ کھیتی باڑی اور چوپایوں کی دیکھ بھال میں گذرا اور اس پیشے میں انہوں نے ترقی بھی کی جس کے نتیجے میں وہ کچھ بھیڑوں کے مالک بن گئے.
کچھ فرشتوں نے اللہ (ج) سے کہا کہ ابراہیم (ع) کی تجھ سے محبت ان فراوان نعمتوں کی وجہ سے ہے جو تو نے اسے عطا کی ہیں.
اللہ (ج) نے چاہا کہ فرشتوں کو دکھا دے کہ ایسا نہیں ہے بلکہ ابراھیم (ع) اللہ (ج) کو حقیقی طور پر مانتا ہے. اللہ (ج) نے جبرئیل کو حکم دیا کہ "ابراہیم (ع) کے پاس جا کر میرا ذکر کرو"
جبرئیل ابراہیم (ع) کے پاس آئے اور دیکھا کہ وہ اپنی بھیڑیں چرانے میں مشغول ہیں. جبرئیل نے ایک ٹیلے پر کھڑے ہوکر کہا:
*سبُّوح قُدُّوس ربُّ الملائِكةِ و الرُّوحِ
پاک و منزہ ہے خدا فرشتوں اور روح کا!
ابراہیم (ع) نے جوں ہی اللہ (جَ) کا نام سنا تو ان پر عجیب کیفیت طاری ہوگئی.
ابراھیم (ع) نے اپنے دائیں بائیں نظر دوڑائی اور ٹیلے پر کھڑے اس شخص کو دیکھا. اس سے جاکر پوچھا: "کیا تم تھے جس نے میرے دوست کا نام لیا؟"
اس نے کہا: "ہاں"
ابراہیم (ع) نے اس سے کہا: دوبارہ میرے دوست کا نام لو میں اپنی بھیڑوں کا ایک تہائی حصہ تمہیں ھدیہ کردوں گا.
اس نے کہا:
سبُّوح قُدُّوس ربُّ الملائِكةِ و الرُّوحِ
ابراہیم (ع) کو یہ الفاظ سن کر اتنا لطف آرہا تھا جو قابل بیان نہیں. وہ اس شخص کے پاس گئے فرمایا: "ایک بار پھر اگر میرے دوست کا نام لو تو بھیڑوں کا آدھا حصہ تمہیں بخش دونگا"
اس شخص نے تیسری بار یہ الفاظ دہرائے.
اس بار ابراہیم (ع) نے فرمایا: ساری بھیڑیں تمہاری! بس ایک بار پھر سے میرے دوست کا نام لو.
اس شخص نے پھر سے وہ الفاظ کہے.
ابراہیم (ع) نے کہا اب میرے پاس اور کچھ نہیں رہا سوائے میرے جسم کے، سو مجھے اپنی غلامی میں لے لو اور مزید ایک بار میرے دوست کا ذکر کرو.
اس شخص نے اللہ (ج) کا ذکر کیا.
ابراہیم (ع) نے اس شخص سے کہا اب مجھے اور ان بھیڑوں کو تم اپنا سمجھو.
تب جبرئیل (ع) نے اپنا تعارف کروایا اور کہا: میں جبرئیل ہوں، مجھے تمہارا کچھ نہیں چاہیئے لیکن یہ سچ ہے کہ تم نے اللہ (ج) سے دوستی کے سارے مراحل طے کر لیئے ہیں سو تمہارا حق ہے کہ اللہ (ج) تمہیں اپنا خلیل (سچا و پکا دوست) قرار دے
اقتباس از معراج السعادة،ص 491
+989199714873
arezuyeaab.blogfa.com
(اس پیغام کے متن میں کسی قسم کی تبدیلی شرعی طور ناجائز ہے)
یہ ایک اردو اسلامی ویب بلاگ ہے، جس کا مقصد نشر معارف اسلامی و معارف اہل بیت علیہم السلام ہے.