بیداری کی ضرورت عوام کو ہے یا...؟
بیداری کی ضرورت عوام کو ہے یا...؟
تحریر: محمد زکی حیدری
یا امام زمانہ (عج) آپ پر سلام ہو. میرا نام "پاکستانی شیعہ عوام" ہے. آپ کو میں اتنا نہیں جانتی لیکن شروع میں خطیبوں اور ذاکریں سے آپ کا نام سنا اور یہ بھی سنا کہ آپ غائب ہیں لیکن سنتے سب کچھ ہیں. لیکن بھرحال آپ سے اتنی کوئی خاص آشنائی نہ تھی لیکن جب آپ سنتے ہیں تو میں نے سوچا آپ کو اپنی کہانی سناؤں. میں مجلس تو ذاکر و خطیب کی سنتی تھی لیکن جب ۱۹۸۰ع میں مجھے زکوات آرڈیننس کے خلاف ایک شیعہ بزرگ مفتی نے اپنے حق کیلئے اسلام آباد جا کر دھرنا لگانے کا حکم دیا تو میں بڑے جوش سے گئی اور ایک آمر کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا.
اس بزرگ مفتی کے انتقال کے بعد ایک سید عارف نامی عالم دین آئے، انہوں نے بھی مجھے جہاں بلایا میں اپنے جیب سے کرایہ کر کے ان کے جلسوں میں گئی، لاہور کا مینار پاکستان والے جلسے میں ہر طرف میں ہی نظر آرہی تھی. مجھے اس قائد سے بڑی امید تھی مگر اسے دشمن نے راستے سے ہٹا دیا، میں رونے لگی لیکن مجھے بتایا گیا کہ نہیں! رو مت اس سید کی جگہ ایک اور سید آیا ہے. میرا چہرا خوشی سے پھر کھل کھلا اٹھا.
میں خوش تھی اور عہد کر لیا کہ اُس شہید قائد کے جانشین ہونے کے ناطے یہ سید بھی مجھے جہاں بلائیں گے میں جاؤں گی اور میں نے اپنا فرض نبھایا میں نے اس قائد کے استقبال کیئے، بسوں میں لٹکتی رہی، نوکری سے چھٹی لیکر اپنے پیسوں سے موٹرسائیکل میں پیٹرول ڈلوا کر ان کے جلسوں میں جاتی رہی لیکن پھر انہوں نے ایک ایسا کام کیا جو انہیں زیب نہیں دیتا تھا لیکن پھر بھی میں ان کی بات پر لبیک کہتی رہی. کیونکہ مجھے یقین تھا کہ یہ قائد بھی میرا اسی طرح خیال رکھیں گے جس طرح شہید قائد عارف (رض) نے رکھا لیکن ایسا نہ ہوا. میرے اور ان کے درمیان دوری ہونے لگی. میں چپ ہوگئی.
اتنے میں اچانک ایک اور عمامے والے نے اپنی تنظیم کا اعلان کردیا، میں جانتی تھی کہ اتحاد ٹوٹا ہے، دو دو پلیٹ فارم میرے حق میں بھتر نہیں ہیں، لیکن میں نے عمامے کی لاج رکھی کیونکہ دعوت دینے والا شیعہ عالم تھا سو میں ان عالم کے جلسے میں بھی دل سے گئی. پھر اس عالم نے دھرنے کا کہا تو میں اپنے معصوم بچوں سمیت سخت سردی میں سڑکوں پر آئی اور پورا پاکستان جام کردیا.
مولا امام زمانہ (عج) اس کے بعد ان دو تنظیموں کی باھمی چپکلش شروع ہوگئی میں عمامے کی بھت عزت کرتی تھی لیکن ۲۰۱۳ کے الیکشن میں دو عمامے والوں کی تنظیمیں ایک دوسرے کے سامنے آگئیں میں بوکھلا گئی کہ کس طرف جاؤں. سچ یہ ہے کہ ان کی باھمی چپکلش دیکھ کر میرا دل ان دونوں سے بھر گیا.
اس کے بعد ایک دوسرے سید آئے ان کی تقریریں بہت اچھی تھی اور وہ میرے لیئے ایک نیا پروگرام لائے. مجھے منبر پاک کر کے دینے میں ان کی بہت خدمات ہیں اور ابھی بھی جاری ہیں لیکن مجھے ان سے شکایت ہے! وہ یہ کہ اکثر مجھے ڈھکے چھپے الفاظ میں کوفیوں سے تشبیہ دیتے ہیں، اور طعنہ دیتے ہیں کہ میں بے تربیت ہوں، بیدار بھی نہیں ہوں.
مولا آپ مجھے بتائیں میں نے کس عالم کا ساتھ نہ دیا مفتی جعفر حسین (رض) سے لیکر شہید عارف (رض)، موجودہ قائد سے لیکر نئی بننے والی تنظیم تک میں نے ساتھ دیا، ان علماء نے جب جب مجھے بلایا میں نے لبیک کہا. مجھے کافر کہا گیا، مجھے سڑکوں پر سونا پڑا، میں دھرنوں میں بیٹھی، لاٹھی چارج برداشت کیئے، اب میں پچھلے کئی سالوں سے بموں سے اڑائی جا رہی ہوں، چن چن کر ماری جا رہی ہوں. یہ سید میری خیر خبر تو نہیں لیتے الٹا مدرسے میں بیٹھ کر مجھے بے تربیت، سوئی ہوئی، غائب کہتے ہیں.
مولا (عج) میں آپ سے پوچھتی ہوں میں مرتی رہی، اور مر رہی ہوں، انہوں نے کبھی اپنی تقریر میں میرے مرنے یا مجھے ٹارگٹ کلنگ سے بچانے کی بات نہیں کی، کبھی چل کر میرے سر پر دلاسے کا ہاتھ رکھنے نہیں آئے، میں مر رہی ہوں یہ فلسطین کیلئے ریلی نکالتے ہیں میرے لیئے نہیں، میں مر رہی ہوں اور اس حال میں ان کا عمامے والا ایک بھائی بھوک ہڑتال پر بیٹھتا ہے اور یہ دو سید ایرانی علماء کی حمایت کے باوجود ان کی حمایت نہیں کرتے. *کیا چیز انہیں ھمدردانہ جملے کہنے سے روکتی ہے؟ تعصب یا انا پرستی؟ کیا ان دونوں سیدوں کا اخلاقی فرض نہ تھا کہ وہ اپنے برادر عالم کی کم از کم لفظی حمایت تو کرتے اگر انہوں نے اس اخلاقی قدر کی نفی کی ہے تو تربیت کی ضروت مجھے ہے یا ان کو؟
مولا اتحاد اہم ہے میں جانتی ہوں جب تک یہ علماء متحد نہیں ہوں گے تب تک میرا تحفظ ممکن نہیں.
*مولا (عج) مجھے یہ بتائیں یہ تینوں عمامے والے علماء کرام ایک دوسرے کو فون کر کے ایک جگہ مل بیٹھ کر میرے تحفظ کا حل کیوں نہیں سوچتے؟؟؟*
*انہیں مل بیٹھنے سے کیا چیز روکتی ہے؟*
*کیا یہاں بھی میری تربیت میں کمی ہے؟؟؟*
*کیا یہاں بھی میں بیدار نہیں ہوں؟؟؟*
*کیا یہاں بھی امت یعنی میں غائب ہوں*
مولا (عج) میں تو ھر وقت میدان میں ہوں دشمن کا نشانہ میں بنی ہوئی ہوں اور شکایت بھی مجھ سے کہ میں بیدار نہیں ہوں.
آخر میں عرض مولا (عج) *اگر مجھے بیداری کی ضرورت ہے، یا میں نے اپنی تین الگ الگ مسجدیں بنا رکھی ہیں تو آپ مجھے سرزنش کریں اگر نہیں تو ان سے کہیں متحد ہوں،* *اگر ان بزرگوں میں سے ایک بھی دوسرے سے مل بیٹھنے کو تیار نہیں تو شعور کی ضرورت کسے ہے مجھے یا... بصیرت کا فقدان مجھ میں ہے یا .... بیداری کی ضرورت کس کو ہے مجھے یا...؟