زینب (س) یعنی...
زینب (س) یعنی...
تحریر: محمد زکی حیدری
میرے ایک دوست نے پوچھا زینب (س) نے اتنی قربانی دی کیوں اسے چار برگزیدہ عورتوں میں شامل نہیں کیا جاتا؟ میں نے کہا مجھے اس مصلحت خداوندی کا علم نہیں. وہ کہنے لگا تم زینب (س) کو ان سے کم سمجھتے ہو شاید؟ میں چپ ہوگیا اس وقت اسے جواب نہ دیا لیکن اب جواب دے رہا ہوں کہ دوست سنو!
حوا (س) یعنی ممنوعہ درخت سے میوہ کھانے والی, زینب (س) یعنی علی (ع) کے گھر میں مسلسل سوکھی روٹیاں کھانے والی، ازواج نوح (ع) و لوط (ع) یعنی شوہر کا گھر چھوڑ کر باطل کی طرف جانے والیں، زینب (س) یعنی شوہر کا گھر چھوڑ کر حق کیلئے کربلا کا رخ کرنے والی، آسیہ یعنی دنیا کی تمام تر آسائشوں سے آراستہ فرعون کے محل میں رہ کر اسلام کا دفاع کرنے والی زینب (س) یعنی تپتے صحراء و بیابان میں اسلام کا دفاع کرنے والی؛ ھاجرہ یعنی ایک اسماعیل (ع) پر چھری برداشت نہ کر پانے والی، زینب (س) یعنی عون و محمد (ع) کے جنازے بڑے صبر سے حاصل کرنے والی؛ مریم یعنی جس کا ایک بیٹا اسلام پہ قربان ہو زینب (س) یعنی وہ جس کے دو بیٹے، بھائی، بھتیجے.. اسلام کی راہ پہ قربان؛ خدیجہ (س) یعنی اپنا مال محمد (ص) کے دین پہ لٹانے والی زینب (س) یعنی اپنی چادر اسلام پر لٹانے والی، عائشہ یعنی وہ عورت جو علی (ع) کے خلاف نکلی ہو اور اس کے ساتھی مرد اس کی اونٹنی کو گھیرے ہوں، زینب (س) یعنی وہ جو یزید کے خلاف نکلی ہو اور دشمن مرد اس کے خیمے کو گھیرے ہوئے ہوں...
زھرا (س) یعنی وہ عورت جو صرف اپنے بابا (ص) کی موت دیکھے زینب (س) یعنی وہ جو حسن (ع) خون کی الٹیاں کرتے دیکھے؛ زھرا (س) یعنی وہ جو رسول (ص) کا جنازہ کاندھوں پہ دیکھے، زینب (س) وہ جو بھائی کا جنازہ تیروں پہ دیکھے؛ زھرا (س) یعنی وہ خاتون جو ایک دربار میں چادر کے ساتھ جائے زینب (س) یعنی وہ جو درباروں میں بے چادر...
زھرا (س) یعنی وہ خاتوں جو اپنے شوہر کے گھر میں یا اس کے بنائے ہوئے بیت الاحزان میں عزاداری کرے زینب (س) یعنی وہ خاتون جو شرابی کی دربار میں روئے؛ زھرا (س) یعنی وہ جو دنیا میں نہ آنے والا اپنا محسن شہید ہوتا دیکھے، زینب (س) یعنی جو چھ ماہ کے پیاسے کے گلے میں تین منہ والا تیر پیوست ہوتا دیکھے، زھرا (س) یعنی جس کو عباس (ع) کی ضرورت نہ ہو، زینب (س) یعنی جسے عباس (ع) کی ضرورت ہو اور وہ اس سے چند قدم کے فاصلے پہ خون میں غلطاں ہو، زھرا (س) یعنی وہ جس کا اکبر (ع)... یعنی جس کی زندگی میں اکبر (ع) جیسا لعل سلامت ہو، زینب (س) یعنی وہ جو اکبر (ع) کی آخری صدا سنے اور واہ حبیبا! یابن اخی! کی صدا دیتی ہوئی مقتل کی جانب دوڑے اور خود کو علی اکبر (س) کے جنازے پہ گرا دے، زھرا (س) یعنی وہ بیبی جو علی (ع) کے پہرے میں ہو، زینب (س) یعنی جس کے پہرے میں بیبیاں ہوں، زھرا (س) یعنی جسے امام (ع) سنبھالے زینب (س) یعنی وہ خاتون جو امام (ع) کو سنبھالے... زینب (س) یعنی اونٹ پر تھجد، زینب (س) یعنی کاخ امراء کے در دیوار ھلانے والی علی (ع) کی مظلوم بیٹی، زینب (س) یعنی مقاومت، زینب (س) یعنی ظالم مرد کی آنکھ میں اس طرح آنکھیں ڈال کر دیکھنے والی کہ اسے اندھا کر دے...
مجھ میں اب طاقت نہیں مجھے کی پیڈ دھندلا نظر آرہا ہے اس سے قبل کے گستاخ آنسو ٹپکیں... زھرا(س) یعنی وہ جو حسین (ع) کے سینے پر رسول (ص) کو بوسے دیتے ہوئے دیکھے اور زینب (س) یعنی وہ جو حسین (ع) کے سینے پہ شمر کو خنجر...
www.fb.com/arezuyeaab