غالی کا علی (ع) کو خط!
غالی کا علی (ع) کو خط!
.
تحریر: محمد زکی حیدری
.
مولا یاعلی مدد!
آپ کو آپ کا ظہور مبارک ہو، بس مولا دکھاوے سے قلندر بچائے، آپ تو علم غیب کے مالک ہیں لیکن بات یہ ہے کہ میرے پاس آپ کا دیا ہوا سب کچھ ہے، فلم انڈسٹری کا کاروبار ٹھپ ہوگیا لیکن ھرسال آپ کے نام پر تیرھویں رجب کا بڑا جشن کرتا ہوں جس کی برکت یہ ہے کہ سارے سی ڈی مارکیٹ میں آپ کے اس بندے کی شاپس سب سے زیادہ دھندا کرتی ہیں، اس جشن میں ساتوں سی ڈی شاپس کی آمدنی لگا دیتا ہوں، اس بار بیوی نے کنجوسی دکھائی کہ بچت کرو، بس کیا کریں عورت ذات ہے نا مولا، لیکن میں نے کہا نہیں! اور تین سی ڈی شاپز پر چھاپا نہ پڑتا تو ان کی ساری آمدنی بھی اس جشن میں لگا دیتا. بس مولا کرم ہیں آپ کے کہ جوتائی صاحب کا سن کر بڑا رش ہوا بارگاہ پر، مولا میں جوتائی صاحب کو ہی پڑھاتا ہوں، جب آپ کا دیا ہوا سب کچھ ہے تو پھر کسی مسجد کے ملا سے کیوں پڑھواؤں جشن...
مولا یہ سب آپ ہی کی دین ہے ورنہ ہماری اوقات ہی کیا تھی، معجزے کی بات دیکھیں، میں نے جشن کیلئے صرف جوتائی صاحب اور کجنکر یونسوی صاحب کو ہی دعوت دے رکھی تھی لیکن رات میں چھوٹے بھائی جو وکیل ہے، کا فون آیا کہ اس کے کلائنٹ جو منسٹر تھے ان پر کسی نے کرپشن کا الزام لگایا تھا سو جج کو عیدی ویدی دی تو فیصلہ منسٹر صاحب کے حق میں سنا دیا، چھوٹے کو منسٹر نے کیس جیتنے پر عیدی دی تو چھوٹے نے مجھے فون کر کے کہا کہ میں جشن کیلئے حافظ مصدق اور علامہ خمیر بکتر صاحب کو بھی دعوت دے رہا ہوں، میں نے چھوٹے کو دعا دی حلالی بیٹا ہے نا مولا اپنے شوق چھوڑ کر آپ کے جشن میں پیسہ لگا دیا...
مولا چھوٹے کا جوش دیکھ کر میں نے جشن میں آئے ہوئے خطباء سے کہا جتنی نیاز لینی ہے لیں، لیکن آپ کی ربانیت ثابت کریں اور سالگرہ کا جشن اس طرح پڑھیں کہ لوگ جھوم اٹھیں، اور آپ کا کرم ہوا، سب نے پڑھا اور بڑا دھوم کا پڑھا مسجدی مقصروں کی مٹی پلید کر دی، جوتائی صاحب نے بھی ایسا پڑھا کہ امام بارگاہ کی دیواریں بھی حیدر حیدر کرنے لگیں، انہوں نے دلائل سے ثابت کیا کہ جو حلالی ہوگا وہ نماز کی تشہد میں علی ولی اللہ ضرور پڑھے گا. اس کے بعد یونسوی صاحب نے پڑھا اور آپ تو جانتے ہیں یونسوی صاحب کو آپ کے در سے بڑا علم ملا ہے بولے کس نے کہا ہے کہ صلاۃ مطلب نماز ہے صلاۃ کا مطلب ہے عزاداری اور قمعہ زنی! حالانکہ تھا جشن لیکن اس نکتے نے مجتہدوں کے دفاتر کی بنیادیں ھلا کر رکھ دیں،
مغرب کی اذان کے وقت جب مسجدی مرغے کُر کُر کرنے لگے اس وقت خمیر بکتر صاحب نے پڑھنا شروع کیا انہوں نے کہا ان نمازوں کی کوئی اوقات ہی نہیں، جو علی علی کرے گا جنتی ہے، نماز جیسی خسیس چیز کو ذکر علی سے ملانے کا سوچو بھی نہیں، انہوں حر (ع) مثال بھی دی کہ وہ ایک بار یا حسین (ع) بول کر جنتی ہوگیا تو تم روز یا علی یاعلی بول کر کیوں نہیں.
آخر میں حافظ مصدق صاحب نے قرآن سے ثابت کیا کہ ہمارا رب اللہ نہیں ہے، ہمارے رب معصومین سرکار ہیں. وہ اللہ صرف معصومین کا رب ہے...
اور مولا! اس بار کیک بھی آٹھ ٹیئر والا تھا، اسلام آباد سے بنوایا تھا. اس نے تو جشن کو چار چاند لگا دیئے. منافق دیکھ کر جل گئے، مولا آج کل مقصر ذوالجناح کے خلاف بہت بکواس کرتے ہیں سو میں نے سوچا ان کو جلانے کیلئے ذوالجناح سرکار سے ہی آپ کا کیک کٹوایا جائے، اور تعجب کی بات دیکھیں، معجزہ یہ تھا کہ ذوالجناح نےکیک کا کونہ کھانے کی بجائے تبرک سمجھ کر اپنا چہرا مبارک کیک سے مل دیا... واہ! اس وقت تو منظر دیکھنے کا تھا حیدر حیدر کی گونج تھی، بس کیک کیونکہ بہت بڑا تھا اور ذوالجناح سرکار نے اپنا منہ ڈال کر اسے بابرکت کردیا تھا اس لیئے سب مومنوں نے پیٹ بھر کے کھایا.
اور مولا آخر میں معذرت چاہتا ہوں آپ بخشنے والے ہیں سو... بات دراصل یہ ہے کہ میں ولادت شہادت کے دن نہیں پیتا, لیکن اس رات جشن کے بعد دوستوں نے محفل لگائی تو منتیں کیں، لیکن میں نہ مانا، پھر آپ کی قسم دی کہ رب کی قسم پیو سو میں نے مجبوری میں ایک پیگ لگایا. مجھے پتہ ہے آپ اتنی سی بات پہ ناراض نہیں ہوں گے آپ سخی ہیں لیکن پھر بھی..
خیر مولا! اب میں چلتا ہوں صبح نیا مال آنا ہے سو یاعلی مدد.
سگ در قلندر
www.fb.com/arezuyeaab